مرجع عالی قدر اقای سید علی حسینی سیستانی کے دفتر کی رسمی سائٹ

فتووں کی کتابیں » توضیح المسائل جامع

قرآن کا واجب سجدہ ← → ان چیز وں کے شرائط جن پر سجدہ كرنا صحیح ہے

سجدہ کے مستحبات اور مکروہات

مسئلہ 1289: سجدہ میں چند امور مستحب اور چند امور مکروہ شمار کئے گئے ہیں:

1
۔ جو شخص کھڑے ہوکر نماز پڑھ رہا ہے رکوع سے سر اٹھانے اور بالکل سیدھا کھڑے ہونے کے بعد اور اس طرح جو شخص بیٹھ کر نماز پڑھ رہا ہے مكمل طور پر بیٹھنے کے بعد سجدے میں جانے کے لیے تکبیر کہے۔

2
۔ سجدے میں جاتے وقت مرد پہلے ہاتھوں کو اور عورت پہلے زانوؤں کو زمین پر رکھے۔

3
۔ ناک کو سجدہ گاہ یا ایسی چیز جس پر سجدہ صحیح ہے رکھے۔

4
۔ سجدے کی حالت میں ہاتھ کی انگلیاں ایک دوسرے سے ملاکر کانوں کے برابر اس طرح رکھے کہ انگلیوں كے سرے قبلہ رُخ ہوں۔

5
۔ ذکر ِسجدہ کی تکرار کرے ۔

6
۔ ذکر ِسجدہ کو طاق عدد جیسے تین ، پانچ یا سات مرتبہ پر ختم کرے۔

7
۔ سجدے میں دعا کرے اور خداوند متعال سے حاجت طلب کرے اور اس دعا کو پڑھے:" یا خَیرَ المَسْؤُوْلینَ وَیا خَیرَ الْمُعْطینَ، ارْزُقْنی وَارْزُقْ عیالی مِنْ فَضْلِك، فَاِنَّكَ ذُو الْفَضْلِ الْعَظیمِ " یعنی "اے وہ سب سے بہتر ذات جس سے درخواست کرتے ہیں اور بہترین عطا کرنے والے اپنے فضل سے مجھے اور میرے اہل و عیال کو روزی عطا کر کہ بے شک تو بہت عظیم فضل رکھنے والا ہے"۔

8
۔ سجدے کو طولانی کرے اور تسبیح اور ذکر کو زیادہ پڑھے۔

9
۔ سجدے کے بعد بائیں ران پر بیٹھے اور دائیں پیر کے اوپری حصے کو بائیں پیر کے تلوے پر رکھے کہ اس طرح بیٹھنے کو تورّک کہتے ہیں۔

10
۔ ہر سجدے کے بعد جب بیٹھے اور بدن سکون کی حالت میں ہو جائے تو تکبیر کہے۔

11
۔ پہلے سجدے کے بعد اور بدن کے سکون کی حالت میں ہونے کے بعد "اَستَغفِرُ اللهَ رَبِّی وَاَتُوبُ اِلَیه" کہے۔

12
۔ بیٹھتے وقت ہاتھوں کو ران پر رکھے۔

13
۔ دوسرے سجدے میں جانے کے لیے بدن کے سکون کی حالت میں "اَللهُ اَکبَر" کہے۔

14
۔ سجدوں میں صلوات پڑھے۔

15
۔ مرد كہنیوں اور شکم کو زمین سے نہ چپکائے اور بازوؤں کو پہلو سے جدا رکھے اور عورتیں كہنیوں اور شکم کو زمین سے چپکائے رکھیں اور بدن کے اعضا کو ایک دوسرے سےمِلا کر رکھیں۔

16
۔ بعد کی رکعت کے لیے کھڑے ہوتے وقت ہاتھوں کو زانو کے بعد زمین سے اٹھائے۔

17
۔ بعد کی رکعت کے قیام کے لیے کھڑے ہوتے وقت "بِحَولِ للهِ وَقُوَّتِهِ اَقُومُ وَاقعُد" یا "بِحَوْلِ اللهِ وَقُوَّتِهِ أَقُوْمُ وَأَقْعُدُ وَأَرْکَعُ وَأَسْجُدُ "کہے۔

سجدے میں قرآن پڑھنا اور سجدے کی جگہ پر گردوغبار دور کرنے کے لیے پھوکنا مکروہ شمار کیا گیا ہے البتہ اگر پھوکنے کی وجہ سے منھ سے دو حرف جان بوجھ کر نکل آئے تو احتیاط لازم کی بنا پر نماز باطل ہے، دوسرے مکروہات تفصیلی کتابوں میں ذکر کئے گئے ہیں۔
قرآن کا واجب سجدہ ← → ان چیز وں کے شرائط جن پر سجدہ كرنا صحیح ہے
العربية فارسی اردو English Azərbaycan Türkçe Français